ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / محکمہ پنچایت راج بہت جلد کیش لیس ہوگا: ایچ کے پاٹل

محکمہ پنچایت راج بہت جلد کیش لیس ہوگا: ایچ کے پاٹل

Mon, 26 Dec 2016 22:34:22  SO Admin   S.O. News Service

بنگلور:26/دسمبر(ایس او نیوز)ریاست کے محکمہ پنچایت راج ودیہی ترقیات میں شفافیت لانے اس محکمہ کے لین دین کو مکمل طور پر بلا نقد کرنے پر ریاستی حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔یہ بات آج وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج ایچ کے پاٹل نے کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں بلانقد لین دین شروع کرنے کے سلسلے میں کافی تیاریاں کی جاچکی ہیں، جلد از جلد اس نظام کو متعارف کروادیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ روز مرہ کے انتظام میں تاخیر اور بہانے بازی کے سلسلے کو ختم کرنے کیلئے بہت جلد چند انوکھے انتظامی فیصلے لینے کیلئے ریاستی حکومت مستعد ہے۔ اس میں پہلی تیاری کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقیات وپنچایت راج میں شفافیت، جدیدیت اور انتظامی ذمہ داری لانے کیلئے کنٹراکٹروں کے بلوں کی ادائیگی اور مزدوروں کی اجرت وغیرہ ڈجیٹل طریقے سے اداکی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو بروقت اجرت نہ ملی تو اس کیلئے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تمام اضلاع کے پنچایت چیف ایگزی کیٹیو افسران کو اس ضمن میں ہدایت جاری کی جاچکی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ محکمہ میں جلد ہی کیش لیس نظام لاگو کیاجارہا ہے۔ اس نظام کو اپنانے کیلئے تمام ماتحتوں کو تیار رکھا جائے۔ دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر پاٹل نے بتایاکہ تمام افسران کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ پانی کی فراہمی کیلئے جن کمپنیوں کو ٹھیکہ دیا گیا ہے ان سے کسی طرح کی مروت نہ برتی جائے۔عوام کو پانی کی فراہمی میں تاخیر ہوئی تو کمپنیوں اور کنٹراکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر کارروائی نہ کی گئی تو اس کیلئے ذمہ دار افسر کو سزاوا ر بنایا جائے۔روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو ہر ہفتہ اجرت ادا کرنے کی سخت تاکید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر ایک ہفتہ میں اجرت نہ دی جاسکے تو کم از کم ہر سولہویں دن اجرت ادا کردی جائے۔اگر اجرات ادات نہ کی گئی تو متعلقہ گرام پنچایت افسر کے خلاف کارروائی کافی سختی سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ قومی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت مزدوروں کی طرف سے کام کرنے میں لاپرواہی اس لئے ظاہر کی جاتی ہے کہ افسران کی طرف سے بروقت اجرت ادا نہیں کی جاتی، اس سلسلے میں انہیں متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔اس اسکیم کے تعلق سے غریب اور مزدور طبقے کو متوجہ کرانے اور ان کو فائدہ پہنچانے کیلئے آنے والے دنوں میں تمام ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسران کو متحرک رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔


Share: